کویت اردو نیوز : مطارات ہولڈنگ کمپنی نے سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں پر ایک نئی سہولت متعارف کرادی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق نئی سہولت کو ‘بیگ فری ٹریول’ کا نام دیا گیا ہے۔
اس سہولت کے تحت اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کو یہ سہولت حاصل ہو گی کہ وہ اپنی رہائش گاہ سے سفری عمل مکمل کر سکیں گے اور پرواز کے وقت سے پہلے اپنا سامان چیک کر سکیں گے۔ اس پر عمل درآمد اس سال کی پہلی سہ ماہی میں کیا جائے گا۔
نئی سہولت کا بنیادی مقصد ہوائی اڈوں پر انتظار کے اوقات کو کم کرنا اور مسافروں کو ان کی رہائش گاہ سے ہوائی اڈے تک سامان لے جانے کی پریشانی سے بچانا ہے۔
مطارات ہولڈنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ ‘اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے سروس میں شامل ایئرلائنز میں سے کسی ایک پر بکنگ کرانی ہوگی۔ تمام مطلوبہ سفری دستاویزات مکمل ہونے چاہئیں اور سامان میں کوئی ممنوعہ اشیاء موجود نہیں ہونی چاہئیں’۔
مطارات ہولڈنگ کمپنی کے مطابق یہ سہولت افراد اور گروپس کو فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مطارات ہولڈنگ کمپنی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں کا انتظام کرتی ہے اور وہ اپنے ذیلی اداروں کے ذریعے 27 ہوائی اڈوں کا انتظام چلا رہی ہے۔


















