کویت اردو نیوز : سعودی عرب آنے والے عازمین کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نکاح پڑھانے کی سہولت فراہم کر دی گئی ۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ اور حج کے لیے آنے والے عازمین کے لیے نئی سہولیات متعارف کرانے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق، منگل کو جدہ میں حج و عمرہ کانفرنس اور نمائش میں گفتگو کے دوران، انہوں نے کہا، "کچھ عازمین مکہ یا مدینہ میں شادی کرنا چاہتے ہیں۔” سروس فراہم کرنیوالے انہیں یہ سہولت فراہم کرسکتے ہیں۔ ایک پرائیویٹ فوٹوگرافر کا بھی بندوبست کیاجاسکتا ہے۔
مکہ مکرمہ، مدینہ سمیت مملکت کے کسی بھی خطے کے لیے سیاحتی پروگرام منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حجاج کو سہولیات فراہم کرنے میں بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی کے لیے تین ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ غیر معمولی خدمات کی حوصلہ افزائی کے لیے مراعات اہم ہیں۔ ’نسک اعمال ‘ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بہترین پراجیکٹ کے لیے دس لاکھ ریال، دوسرے بہترین پراجیکٹ کے لیے پانچ لاکھ ریال اور تیسرے پراجیکٹ کے لیے ڈھائی لاکھ ریال کا انعام ہوگا۔ نتائج کا اعلان آئندہ حج کانفرنس میں کیا جائے گا۔
سعودی وزیر حج نے کہا کہ سرمایہ کار مختلف حوالوں سے منفرد سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔ مثلاً ٹورسٹ گائیڈ، طبی سہولیات، موبائل فارمیسی، بچوں کی نرسری، رہائش گاہ سے حرم تک وہیل چیئر کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔
"وہاں بہت سی چیزیں ہیں جو سرمایہ کار زائرین کے لیے سفر کو یادگار بنانے کے لیے کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ ضیوف الرحمن پروگرام کے نمایاں ترین مقاصد میں سے ایک حج اور عمرہ پر آنے والوں کی زیارت کو یادگار بنانا ہے۔ ضیوف الرحمن پروگرام سعودی ویژن 2030 کےپروگرامزمیں سےایک ہے۔
"عمرہ زائرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ سرمایہ کاروں کے لیے مزید کام کرنے کی ایک بڑی ترغیب ہے۔”