کویت اردو نیوز : تھانے سے تو جرائم پیشہ افراد اور ملزمان کا ساتھ ہوتا ہے لیکن اب تھانے میں دولہا اور دلہن بھی خوشی خوشی دکھائی دے رہے ہیں۔
مظفر گڑھ میں ایک دولہا اپنی زندگی کے خاص دن پر اپنی نئی دلہن کے ساتھ فوٹو شوٹ کرانے تھانے پہنچ گیا۔
انوکھے فیصلے کی وجہ تھانہ سٹی مظفر گڑھ کی خوبصورتی تھی جس نے دولہا کو اپنی شادی کی فوٹو گرافی یہاں کروانے کی ترغیب دی۔
دولہے عبدالصمد کا کہنا ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر تھانے کی نئی عمارت دیکھی اور بعد میں خود بھی اسے دیکھنے آیا تو بیگم سے مشورہ کرنے کے بعد ایس ایچ او سے یہاں تصاویر لینے کی اجازت مانگی۔
دولہے نے فوٹو شوٹ کی اجازت دینے پر پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او خرم ریاض کھر نے نہ صرف فوٹو شوٹ کی اجازت دی بلکہ تھانے کے سامنے والے حصے کو صاف کرکے بہترین پرامن ماحول فراہم کیا جہاں اس نے اپنی دلہن کے ساتھ زندگی کے بہترین لمحات کو تصویروں میں قید کیا۔
دولہے کا کہنا تھا کہ تھانہ سٹی مظفر گڑھ کسی بڑے ریسٹورنٹ سے کم نہیں ہے اور اسے یہاں فوٹو شوٹ کروا کر بہت اچھا لگا۔
پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے دولہے نے تھانے کو اپنے شہر کی ‘خوبصورت عمارت’ قرار دیا۔