کویت اردو نیوز : سعودی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار ملک میں شراب خانہ کھولنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ اسٹور خصوصی طور پر غیر مسلم سفارت کاروں کے لیے کھولا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق سعودی حکومت نے دارالحکومت ریاض میں ملک کا پہلا الکحل اسٹور کھولنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جو خصوصی طور پر غیر مسلم سفارت کاروں کے لیے کھولی جائے گی۔
ان منصوبوں سے واقف ایک ذریعے نے رائٹرز کو بتایا کہ یہ اسٹور، جو ریاض کے سفارتی کوارٹر میں واقع ہوگا، اگلے چند ہفتوں میں کھلنے کی امید ہے۔
صارفین کو شراب خریدنے کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے اندراج کرانا ہوگا اور وزارت خارجہ سے کلیئرنس کوڈ لینا ہوگا، صارفین کو ان کے ماہانہ کوٹے کے مطابق شراب فراہم کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ اسٹور صرف غیر مسلموں کے لیے "سختی سے محدود” ہوگا، لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سفارت کاروں کے علاوہ غیر مسلم تارکین وطن کو بھی اسٹور تک رسائی حاصل ہوگی۔
سعودی حکومت نے رپورٹ پر تبصرہ کرنے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں اسلامی قوانین کا سختی سے نفاذ ہے تاہم اب محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی حکومت ’’وژن 2030‘‘ کے تحت معاشی اور سماجی اصلاحات کررہی ہے جس میں ملک کو غیر مذہبی سیاحت کے لیے کھولنا بھی شامل ہے۔