کویت اردو نیوز : حج فلائٹ آپریشن کے لیے سعودی عرب سے جدید مشینیں درآمد کر کے ائیرپورٹس پر نصب کی جائیں گی ۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے حج فلائٹ آپریشن سے قبل تیاریاں جاری ہیں، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب جانے والی پروازوں کے مسافروں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے ایئرپورٹ پر جدید سٹیٹ آف آرٹ مشینیں منگوائی جائیں گی۔ ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر 10 جدید بیگج سکیننگ مشینیں نصب کی جائیں گی۔ قبل از حج آپریشن میں سعودی عرب جانے والے عازمین اور دیگر مسافروں کے سامان کی جدید مشینوں سے سکیننگ کی جائے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس سلسلے میں سعودی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ سیکرٹری ایوی ایشن منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں، جس کے تحت کراچی، اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر جدید مشینیں لگائی جائیں گی۔ جدید مشینیں ایئرپورٹ پر مشترکہ منصوبے کے تحت چلائی جائیں گی۔ سی اے اے، اے ایس ایف، کسٹمز اور دیگر ایجنسیاں مسافروں اور سامان کی چیکنگ میں شامل ہوں گی۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق جدید بیگج سکیننگ مشینیں مسافروں کے سامان کے ساتھ ساتھ ہوائی جہاز کو نقصان پہنچانے والے آلات اور دھماکہ خیز مواد کی بھی جانچ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔