کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں مجرمانہ فعل کی تصویر بنا کر وائرل کرنے پر سخت سزا دی جائے گی ۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشلھوب کا کہنا ہے کہ کسی بھی مجرمانہ فعل کی تصویر کھینچنے کے بعد وائرل کرنا سائبر کرائم ہے۔
کرنل الشلھوب نے سعودی ٹی وی چینل سے گفتگو میں سائبر کرائم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جرائم کو عام نہ کرنا ضروری ہے۔
اگر کوئی شخص کسی مجرمانہ سرگرمی کا مشاہدہ کرتا ہے، تو اسے اس کی اطلاع متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کو دینی چاہیے۔
طلال الشلھوب نے مزید کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ مل کر جرائم کا خاتمہ کیا جائے۔
کرنل الشلھوب نے شاہراہوں اور بازاروں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کے حوالے سے قانون کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ریکارڈنگ کو پبلک کرنا بھی قانونی طور پر قابل سزا سائبر کرائم ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں سائبر کرائم تنظیم کافی فعال ہے۔ اس سلسلے میں ادارے کو موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔