کویت اردو نیوز : مسجد نبوی الشریف میں انتظامی امور کے انچارج عبدالرحمٰن الاحمدی کا کہنا ہے کہ وہ مسجد میں سونے، کیمپ لگانے اور راہداریوں پر بیٹھنے کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے جامع کارروائی کر رہے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق الاحمد نے سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مسجد نبوی الشریف میں آنے والوں کو مسجد کی حرمت کا خیال رکھنا چاہیے۔ زیادہ سے زیادہ وقت یہاں عبادت میں گزاریں۔
انتظامیہ کی جانب سے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سڑکوں پر ڈیرے ڈالنے اور سونے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں مسجد نبوی الشریف کے مختلف مقامات پر موجود ہیں جو کہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو ایسی صورتحال کی اطلاع دیتی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ لوگ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم میں فرض نماز ادا کرنے کے بعد سوتے ہیں۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے اس رجحان کو روکنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو راہداریوں میں ڈیرے ڈالنے اور سونے سے روکا جا سکے۔