کویت اردو نیوز : ( پاکستان) پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرامند تنگی نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے لیے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی۔
بہرا مند تنگی کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام ، ٹویٹر اور ٹک ٹاک سمیت تمام سوشل میڈیا کو بند کیا جائے تاکہ نوجوان نسل محفوظ رہ سکے۔
پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر پہلے ہی 18 روز سے غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے۔
بہرا مند تنگی کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ملک میں نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے پلیٹ فارم کو مفاد پرستوں کی جانب سے مختلف ایشوز پر جعلی خبریں پھیلانے اور نوجوانوں کو ورغلانے کے لیے ملک میں جعلی قیادت پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور ایسا کرنے اور اسے فروغ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
قرارداد میں پاکستانی افواج کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف ایسے پلیٹ فارمز کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے اور زبان و مذہب کی بنیاد پر لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
بہرامند تنگی نے قرارداد میں لکھا، "سینیٹ آف پاکستان نوجوان نسل کو ان کے منفی اور تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے حکومت سےفیس بک، انسٹاگرام ٹک ٹاک، ٹوئٹر (X) اور یوٹیوب پر پابندی لگانے کی سفارش کرتی ہے۔”