کویت اردو نیوز : اس بات کا انکشاف پاسپورٹ کی نئی درجہ بندی کی فہرست میں کیا گیا ہے کہ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹ کا اعزاز حیران کن طور پر یورپی ملک سوئٹزرلینڈ نے جیت لیا۔
نوماڈ کیپٹلسٹ کی سالانہ فہرست میں سوئٹزرلینڈ پچھلے سال دوسرے نمبر پر تھا لیکن اس سال وہ پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
نوماڈ کیپیٹلسٹ سب سے طاقتور پاسپورٹ کی فہرست سال میں صرف ایک بار جاری کرتی ہے۔
نوماڈ پاسپورٹ انڈیکس اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہر ملک میں ٹیکس ادا کرنے، آزادانہ زندگی گزارنے، قوانین کی تعمیل کرنے اور سفری جانچ پڑتال سے بچنے کیلیے مختلف طریقے ہیں۔ لہٰذا فہرست بنانے کے لیے نہ صرف پاسپورٹ ہونا ضروری ہے بلکہ دیگر عوامل کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
دوسری فہرستیں جو پاسپورٹ کی درجہ بندی کرتی ہیں صرف ویزا فری سفر کو مدنظر رکھتی ہیں، لیکن Nomad پاسپورٹ انڈیکس 2024 میں ویزا فری سفر (50 فیصد)، شہریوں پر ٹیکس (20 فیصد)، دوہری شہریت (10 فیصد) اور شخصی آزادی (10 فیصد) ، اس ملک کے لوگوں کی رائے (10 فیصد) کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے ۔
فہرست میں سوئس پاسپورٹ پہلے نمبر پر ہے جسکے ذریعے اسکے شہری 176 ممالک میں بغیر ویزے کےسفر کرسکتےہیں جبکہ وہاں کی صورتحال دیگر خطوں کے دیگر ممالک کے مقابلے بہتر تصور کی جاتی ہے ، مجموعی طور پر سوئٹزرلینڈ کو 109 پوائنٹس ملے۔
آئرلینڈ 108.5 کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اس پاسپورٹ کے ساتھ 175 ممالک میں ویزہ کے بغیر سفر کی اجازت ہے، جب کہ پرتگال 107.5 کے اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
لکسمبرگ اور فن لینڈ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات، ہالینڈ، جرمنی، نیوزی لینڈ، آئس لینڈ،ناروے، اٹلی اور یونان چھٹے نمبر پر ہیں۔
یاد رہے کہ 2023 ءکی فہرست میں یو اے ای کے پاسپورٹ کو دنیا کا طاقت ور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا تھا۔اس کے برعکس پاکستان کمزور ترین پاسپورٹوں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ 199 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 195 ہےجس کا پاسپورٹ 46 ممالک میں بغیر ویزا سفر کی اجازت دیتا ہے۔ پاکستان کے بعد اریٹیریا (196)یمن (197)عراق (198) اورافغانستان (199) ہیں۔
بنگلہ دیشی پاسپورٹ اس فہرست میں 182 ویں نمبر پر ہے جبکہ ہندوستان 147 ویں، سری لنکا 171 ویں اور چین 120 ویں نمبر پر ہے۔