کویت اردو نیوز : آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ جانے والے مسافر طیارے میں فنی خرابی کے نتیجے میں 50 سے زائد مسافروں کو اچانک شدید جھٹکا لگا، اور وہ طیارے کی چھت سے ٹکرا گئے ، مسافروں کو طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا تاہم ایک مسافر شدید زخمی ہے جس کا علاج جاری ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ جانے والے چلی کے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر کو دوران پرواز اچانک تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔
اسکے بعدمسافر طیارہ فوری طور پر آکلینڈ ایئرپورٹ پر اترگیاتاہم طیارےکی چھت کیساتھ ٹکرانے کیوجہ سے 50 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔
جب کہ ایک مسافر نے نیوزی لینڈ ہیرالڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنی سیٹ بیلٹ باندھ کر سو رہا تھا، جب میری آنکھ کھلی تو میرے سامنے موجود دو مسافر جنہوں نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی ہوئی تھی، شدید زخمی ہوئے۔
دوسری جانب بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر کے حوالے سے ایئر لائن LATAM کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فنی خرابی کے باعث طیارے میں اچانک زوردار جھٹکا لگا۔ جبکہ ایئرلائن نے مسافروں سے زحمت پر معذرت کی ہے۔
مسافروں کو پیر کو کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے ان کی منزل تک پہنچایا گیا۔