کویت اردو نیوز 17جولائی: جنوبی امریکی ملک چلی میں مچھیروں نے طوفان اور زلزلے کا پیغام لانے والی طویل القامت مچھلی پکڑلی۔
مچھلی کو پکڑے جانے بعد کرین سے اٹھانے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا، اسے سب سے پہلے ٹک ٹاک پر پوسٹ کیا گیا جہاں اسے تقریباً 10 ملین ویوز ملے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ16فٹ لمبی مچھلی کے سر کو رسیوں سے باندھ کر سمندر سے نکالا جارہا ہے، ویڈیو کی پوسٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ یہ ایک خوفناک حیرت انگیز مچھلی ہے جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اورفش گہرائی میں رہتی ہے جب یہ مچھلیاں سطح پر آنا شروع ہوتی ہیں تو اس کی وجہ ٹیکٹونک پلیٹیں حرکت میں ہوتی ہیں۔
ویڈیو نے صارفین کو تشویش میں مبتلا کردیا کیونکہ اس مخلوق کو روایتی طور پر سونامیوں اور زلزلوں کے لیے برا شگون سمجھا جاتا ہے۔ مقامی لوگ بھی اسے سونامی اور زلزلوں کے لیے "بد شگون” قرار دے رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق oarfish مچھلی گہرے پانی میں رہتی ہے لیکن سطح پر صرف اس صورت میں نظر آتی ہے کہ جب یہ بیمار ہو، مر رہی ہو یا افزائش نسل کرنا ہو۔
اس سے قبل یہ نایاب مچھلی اپریل میں نیوزی لینڈ کے ساحل پر پائی گئی تھی جسے مقامی مچھیروں نے دیکھا تھا۔