کویت اردو نیوز : سائنسدانوں نے بڑھاپے سے پریشان لوگوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، ٹارڈی گریڈ (جسے واٹر بیئر بھی کہا جاتا ہے) زمین پر موجود ایک ایسا جانور ہے جو سخت ترین ماحول میں بھی زندہ رہنےکی صلاحیت رکھتاہے۔
سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں خوردبینی مخلوق ٹارڈی گریڈ میں ایک پروٹین دریافت کیا ہے جو انسانی خلیوں میں میٹابولزم کے عمل کو سست کر سکتا ہے۔
امریکا کی وائیومنگ یونیورسٹی کے محققین کی سربراہی میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ آبی ریچھ اپنے خلیوں کے اندر ایک جیل بنانے کے لیے پروٹین کا استعمال کرتے ہیں جو عمر بڑھنے کے عمل کو سست کر دیتا ہے۔
جب سائنسدانوں نے ان پروٹینوں کو انسانی خلیوں میں متعارف کرایا، تو انہوں نے محسوس کیا کہ مالیکیولز ایک دوسرے کے ساتھ جمع ہو گئے ہیں اور میٹابولزم سست ہو گیا ہے
محققین نے یہ بھی پایا کہ جب انسانی خلیوں نے ٹارڈی گریڈ پروٹین بنانا شروع کیا تو خلیے تناؤ کے خلاف زیادہ مزاحم ہو گئے۔
واضح رہے کہ ٹارڈی گریڈ مکمل طور پر خشک، منجمد اور انتہائی گرم (150 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت) کے ماحول کے ساتھ ساتھ خلا میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔
پچھلے مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ خوردبین مخلوق (لمبائی میں آدھے ملی میٹر سے بھی کم) انتہائی ماحول کے سامنے آنے پر اپنے جسم کی حفاظت کے لیے پودوں کی حالت میں جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق تازہ ترین تحقیق مستقبل میں ایسی نئی ٹیکنالوجیز کی تخلیق کا باعث بن سکتی ہے جو انسان کی عمر بڑھنے کے عمل کو سست کر سکتی ہے۔