کویت اردو نیوز : متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی جس سے نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو گیا۔ موسلا دھار بارش نے دبئی شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 25 منٹ کے لیے بند کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح سے منگل کی دوپہر تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی۔
حکومتی اعلان کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو اگلے دو روز تک گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارش کے باعث کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جب کہ شدید ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کی ونڈ شیلڈز بھی ٹوٹ گئیں۔ اس کے علاوہ بعض علاقوں میں بجلی بند ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئیں۔
شدید بارشوں کے باعث متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں اور شہروں میں سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کرنے لگیں جب کہ رہائشی علاقے زیرآب آگئے اور بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرو اسٹیشن و دیگر مقامات پر داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا دوسرا سلسلہ منگل کی دوپہر سے شروع ہوگا اور جمعرات تک گرج چمک کیساتھ بارش کاسلسلہ جاری رہےگا۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور صرف ضروری کاموں کے لیے گھروں سے نکلیں۔ حکام نے عوام سے بھی کہا کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں اونچے پانی سے دور اونچی جگہ پر کھڑی کریں۔