کویت نے ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کی شرط ختم کر دی ہے۔ اب دنیا کے کسی بھی ملک سے آنے والے مسافر خشکی، سمندر یا فضائی راستے سے کسی بھی ایئر لائن کے ذریعے کویت آ سکتے ہیں۔
یہ اعلان جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی افیئرز کے الیکٹرانک سروسز ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر، کرنل عبدالعزیز الکندری نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیا سسٹم ’’کویت ویزا‘‘ پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن دستیاب ہے، جہاں سیاحتی، خاندانی، تجارتی اور سرکاری ویزے ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے بعد ریزیڈنسی افیئرز کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی
سیاحتی ویزے کی چار کیٹیگریز
وزارتِ داخلہ کے مطابق سیاحتی ویزوں کی چار اقسام ہوں گی:
-
پہلی کیٹیگری – منظور شدہ ممالک کے شہری، جو عالمی امن انڈیکس، پاسپورٹ پاور اور فی کس آمدنی کی بنیاد پر منتخب کیے گئے ہیں۔ ان کے لیے کوئی اضافی شرط نہیں ہوگی اور وہ ایک ماہ سے ایک سال تک کے سنگل یا ملٹی پل انٹری ویزے لے سکتے ہیں۔
-
دوسری کیٹیگری – خلیجی ممالک (GCC) کے غیر ملکی رہائشی، امریکہ، برطانیہ اور شینگن ممالک کے رہائشی یا ان کے ٹورسٹ ویزا ہولڈرز۔ یہ افراد درمیانے یا اعلیٰ درجے کے پیشوں سے تعلق رکھتے ہوں اور مالی طور پر مستحکم ہوں۔ فی الحال آمدنی کا ثبوت لازمی نہیں، بشرطیکہ وہ کسی خلیجی ملک میں رہائش پذیر ہوں۔
-
تیسری کیٹیگری (زیرِ غور) – ان افراد کے لیے جو پہلی یا دوسری کیٹیگری میں شامل نہیں۔ اس میں مالی حیثیت کا ثبوت، جیسے بینک اسٹیٹمنٹ، لازمی ہوگا۔
-
چوتھی کیٹیگری – مقامی اور بین الاقوامی ایونٹس جیسے خلیجی کپ، ایشین کپ یا نمائشوں کے لیے خصوصی ویزے۔ ان کی مدت اور شرائط ہر ایونٹ کے حساب سے طے ہوں گی۔
فیملی وزٹ ویزا میں بڑی رعایت
کرنل الکندری نے بتایا کہ اب کویت میں رہنے والا کوئی بھی شخص اپنے رشتہ داروں کو وزٹ ویزے پر بلا سکتا ہے کیونکہ تنخواہ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ رشتہ داری کی حد کو بھی بڑھا کر تیسری اور چوتھی ڈگری کے رشتوں تک کر دیا گیا ہے، جس سے پورا خاندان آ سکتا ہے۔
بزنس ویزا بھی آن لائن
کویت میں موجود کمپنیاں اور ادارے اب ’’کویت ویزا‘‘ پلیٹ فارم سے بزنس ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ پروسیس میں منظوری، فیس کی ادائیگی اور ویزے کا الیکٹرانک اجراء شامل ہے، جو پاسپورٹ فوٹو کے ساتھ فارم مکمل کرنے پر تقریباً پانچ منٹ میں جاری ہو جاتا ہے۔
کسی بھی قومیت پر پابندی نہیں
الکندری نے واضح کیا کہ کوئی بھی قومیت ویزے سے محروم نہیں ہوگی، بس شرائط پوری کرنا ضروری ہے۔ عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ درست معلومات صرف ’’کویت ویزا‘‘ پلیٹ فارم سے لیں، جہاں 24 گھنٹے تکنیکی مدد دستیاب ہے۔
وزارتِ داخلہ کا عزم
وزارت نے یقین دلایا ہے کہ ویزا سسٹم کو مزید جدید اور تیز بنایا جائے گا تاکہ کویت سیاحت، کاروبار اور بین الاقوامی تقریبات کے لیے ایک پرکشش مقام بنے۔
خلیجی ممالک کے رہائشیوں کے لیے سیاحتی ویزے منظور شدہ پیشوں کی مکمل فہرست میں اعلیٰ سرکاری عہدیداران، ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، صحافی، پائلٹس، سرمایہ کار، جائیداد کے مالکان، آئی ٹی ماہرین اور دیگر اہم شعبوں کے افراد شامل ہیں۔


















