کویت اردو نیوز 11 جون: سعودی عرب نے پاکستان کو مہمند ڈیم کی تکمیل کے لئے قرض دینے کا وعدہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بدھ کے روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات کی۔ اجلاس میں سعودی سفیر نے کہا کہ مملکت سعودی عرب نے مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے 901 ملین سعودی ریال (37.4 بلین پاکستانی روپے) کا قرض دینے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ قرض 25 سال کے لئے 2 فیصد کی مراعات پر دیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق ڈیم تعمیرات خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دریائے سوات
پر 1.2 MAF کی مجموعی آبی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ بنایا جائے گا اور اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ یہ ڈیم 16000 ایکڑ اراضی کو بھی سیراب کرے گا اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
عمر ایوب نے زور دے کر کہا کہ صوبہ KPK کی پن بجلی کی صلاحیت میں غیر معمولی اضافہ کرنے کے علاوہ یہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ملک کی مجموعی توانائی میں ہائیڈل پاور کا حصہ بڑھا کر توانائی کی حفاظت میں بھی اضافہ کرے گا۔