کویت اردو نیوز 03 جولائی: سعودی عرب نے مزید تین ممالک کے سفر کے لئے اپنے شہریوں پر پابندِ عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اپنے شہریوں پر 3 نئے ممالک کا سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ ان ممالک سے براہ راست داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ ” متعلقہ حکام کی پیشگی اجازت حاصل کیے بغیر شہریوں کو براہ راست یا بالواسطہ سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی سعودی شہری ایتھوپیا ، متحدہ عرب امارات اور ویتنام کا سفر نہیں کرسکتے تاہم ممنوعہ ممالک پر پابندی جاری رہے گی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ
یہ فیصلہ کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کے سبب بیرون ملک سفر کرنے کے خواہشمند شہریوں کی حفاظت سے متعلق سعودی حکومت کی کوششوں کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے علاوہ ایتھوپیا ، متحدہ عرب امارات اور ویتنام سے بھی داخلے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایتھوپیا، ویتنام، متحدہ عرب امارات اور افغانستان سے آنے والے مسافروں کی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے تاہم ایسے مسافر جو مملکت میں داخلے سے قبل 14 دن کے قرنطینہ کے عمل سے گذر چکے ہوں انہیں سعودی عرب میں آنے سے نہیں روکا جائےگا۔ وزارت نے بتایا کہ وہ سعودی شہری جو فی الحال ان ممالک میں سے کسی میں موجود ہیں اور اگر وہ 04 جولائی اتوار کی شام گیارہ بجے سے پہلے
واپس آجاتے ہیں تو انہیں اس فیصلے سے مستثنیٰ کردیا جائے گا۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ نئے تین ممالک کے لئے پروازوں کی معطلی کا اطلاق کل اتوار کی شام گیارہ بجے سے ہوگا۔ شہریوں کو جمہوریہ ایتھوپیا، متحدہ عرب امارات، ویتنام اور افغانستان کے سفر سے پہلے مجاز اداروں سے سفر کی اجازت لینا ہوگی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ان ملکوں کے سفر کرنے والے افراد واپسی پر کسی قسم کے کرونا کے پھیلاؤ کا باعث نہ بنیں۔
وزارت نے شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ممالک کے سفر سے پرہیز کریں جہاں وائرس پھیل رہا ہے اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔