کویت اردو نیوز 30 جولائی: سعودی عرب نے یکم اگست سے سیاحتی ویزے (وزٹ ویزہ) رکھنے والوں کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے اعلان کیا کہ مملکت میں سیاحوں کی آمد پر عاید عارضی پابندی یکم اگست سے بتدریج ختم کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ (وزٹ ویزہ) رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت میں داخل ہوسکیں گے۔ وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سیاحت کی بحالی کو صحت کے پروٹوکول سے مشروط کیا گیا ہے۔ صرف ان افراد کو مملکت میں سیاحت کے لیے داخلے کی اجازت ہوگی جو کرونا کی ویکسین لگوا چکے ہوں۔ کرونا ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ
پیش کرنے پر بنیادی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو اپنے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اور 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔
بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو اپنے بارے میں ضروری معلومات https://muqeem.sa/#/vaccine-regifications/home پر درج کرنا اور ’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی جبکہ انہیں سعودی عرب میں ان پبلک مقامات کی بھی نشاندہی کرنا ہوگی جہاں وہ جانا چاہتے ہیں۔ جن لوگوں کی ویکسین مکمل ہو چکی ہے صرف وہی افراد مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔ سیاحت کی غرض سے سعودی عرب میں داخلے سے پہلے منظور شدہ ویکسین فائزر، آسٹرا زینیکا یا موڈرنا کی دو خوراکیں لینا ضروری ہیں جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک کافی ہے۔ سیاحتی ویزے کےحصول کے لیے www.visitsaudi.com پر آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ہم ایک بار پھر سیاحوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہمیں کرونا کی وجہ سے ایک وقفے کے بعد مملکت میں مہمانوں کی آمد پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔