کویت اردو نیوز 22 فروری: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ای تجارت پورٹل کا افتتاح کیا اور فری لانسرز کو ایوارڈز دیئے۔ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ای کامرس کنوینشن میں شرکت کی اور ای تجارت پورٹل کا افتتاح کیا۔ انہوں نے فری لانسرز اور ای کامرس پلیٹ فارمز کو ایوارڈ بھی دیے اور ملک میں ای کامرس کو فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر ای کامرس انڈسٹری کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے منعقد کیے جانے والے قومی ای کامرس کنوینشن میں وزیراعظم اور ان کے ساتھیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ای کامرس سینٹر اون عباس نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے ای کامرس پلیٹ فامز کے اسٹال کا دورہ کیا اور ان کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل اور سینیٹر فیصل جاوید خان بھی شامل تھے۔
تقریب کے ابتدائی مراحل میں ای کامرس اور فری لانسنگ کے حوالے سے شرکا نے خطاب کیا۔ جن میں بدر خوشنود ثاقب اظہر، ریحان اللہ والا اور ہشام سرور شامل تھے۔ اس موقع پر سینٹر اون عباس نے ای کامرس کے کاموں کے حوالے سے پریزینٹیشن بھی دی اور وزیراعظم کو آگاہی دی۔ وزیر خزانہ شوکت ترین نے شرکا سے خطاب کیا اور سینیٹر اون عباس کی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے بہترین کارکردگی پر تمام ای کامرس پلیٹ فارمز کو ایوارڈز دیئے جن میں ایئر لفٹ ، امیج پاکستان۔ دراز ، ان ایبلرز ، پاشا وغیرہ شامل تھے اور فری لانسرز میں پنجاب سے ہشام سرور ، گلگت بلستان سے نادیہ ، سندھ سے پردیپ میگوار، بلوچستان سے عبدالرحیم بلوچ اور آزاد کشمیر سے ارم غفور کو Prime Minister Excellent Award دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک کے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے رجسٹرڈ فری لانسرز کو ٹیکس میں مکمل چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔