کویت اردو نیوز 19 جون: تاریخ میں پہلی بار ہندوستان کویت کو 192 میٹرک ٹن گائے کا گوبر برآمد کر رہا ہے۔ آرگینک فارمر پروڈیوسر ایسوسی ایشن آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر اتل گپتا نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کویت نے ملک میں کاشتکاری کو بڑھاوا دینے کے لئے
بھارت کو 192 میٹرک ٹن گائے کے گوبر کا آرڈر دیا ہے جو کہ کاشتکاری میں قدرتی کھاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی طرف سے گائے کے تحفظ کے لیے کی گئی انتھک کوششیں رنگ لائیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "جے پور کی ایک کمپنی سن رائز ایگری لینڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ریسرچ پرائیویٹ لمیٹڈ کو یہ آرڈر ملا ہے۔” گائے کے گوبر کی پیکنگ جو کہ ایک قدرتی کھاد ہے۔ کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کی نگرانی میں ٹونک روڈ پر واقع شری پنجراپول گوشالا کے سن رائز آرگینک پارک میں کی گئی ہے۔ پہلی کھیپ 15 جون کو کنک پورہ ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی،
وہاں سے یہ کھیپ گجرات کے موندرا بندرگاہ پر پہنچی اور پھر کویت کے لیے بھیج دی گئی۔ کمپنی کے ڈائریکٹر پرشانت چترویدی نے کہا کہ شاید یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستان سے دیسی گایوں کا گوبر مسلم اکثریتی ملک کویت درآمد کر رہا ہے۔
جانوروں کی مصنوعات کی برآمد ہندوستانی زراعت کے شعبے میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ جانوروں کی مصنوعات کی برآمدات میں گوشت، پولٹری مصنوعات، جانوروں کی کھالیں، دودھ اور اس کی مصنوعات اور شہد شامل ہیں۔ 2020-21 میں ہندوستان میں جانوروں کی مصنوعات کی برآمد تقریباً 4 ملین امریکی ڈالر تھی۔ حال ہی میں گائے کا گوبر بھی برآمد کیا جا رہا ہے کیونکہ نامیاتی کھادوں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ کئی ممالک نے دیسی گائے کے گوبر پر تحقیق کے بعد پایا ہے کہ اس سے نہ صرف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوسکتا ہے بلکہ اس سے تیار ہونے والی اشیاء کے استعمال سے انسان کو سنگین بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کئی ممالک نے ہندوستان سے نامیاتی کھاد کے ساتھ دیسی گائے کے گوبر کی درآمد شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت کے زرعی سائنسدانوں نے وسیع تحقیق کے بعد پتہ چلا ہے کہ کھجور کی فصل میں دیسی گائے کے گوبر کو پاؤڈر کی شکل میں استعمال کرنے سے پھلوں کے سائز میں اضافے کے ساتھ ساتھ
پیداوار میں بھی متوقع اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کویت کی کمپنی لامور نے جے پور کی فرم سے 192 میٹرک ٹن دیسی گائے کے گوبر کی درآمد کا آرڈر دیا ہے۔