کویت اردو نیوز 7 مارچ: پاک افغان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
شیڈول کے مطابق سیریز کے تینوں میچز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 25 ، 27 اور 29 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا گا ہے۔
پاکستان ٹیم 23 مارچ کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی، ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ایک ہفتے کے دروان مکمل کر لی جائے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ دو ٹی ٹوئنٹی میچز بیک ٹو بیک کھیلے جائیں گے، اس کے علاوہ قومی سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ کے لیے مشاورت بھی شروع کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کچھ نئے چہروں کو شامل کرنے کا امکان ہے جبکہ بعض کو آرام دیا جا سکتا ہے، آل راونڈر عماد وسیم، اعظم خان اور اسامہ میر کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف سیریز میں عبوری کوچنگ اسٹاف ذمہ داریاں نبھائے گا۔