کویت اردو نیوز،16ستمبر: پاکستانی خاتون خلا باز نمیرا سلیم 5 اکتوبر کو امریکا سے اسپیس شپ کے ذریعے تاریخی اڑان بھریں گی اور پاکستان کا جھنڈا خلا میں لہرائیں گی۔
چیلنجز کے حوالے سے کلکٹر آف فرسٹس کے طور پر جانے جانی والی نمیرا سلیم امریکا سے کمرشل اسپیس شپ کے ذریعے خلا کا سفر کریں گی اور پہلی پاکستانی خلا باز خاتون کا اعزاز بھی اپنے نام کریں گی۔
موناکو میں قیام پذیر نمیرا سلیم کو حکومت پاکستان نے 2006 میں پہلی پاکستانی خلا باز کے طور پر لانچ کیا، جب انہوں نے کمرشل خلائی پرواز کا ٹکٹ خریدا اور پھر 17 سال اس تاریخی موقع کا انتظار کیا۔
نمیرا سلیم اس سے قبل وطن کے جھنڈے کو قطب شمالی اور قطب جنوبی میں بھی لہرا چکی ہیں، یہی نہیں وہ 2008 میں ماؤنٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو بھی لگا چکی ہیں۔
نمیرا سلیم نے ہوفسٹرا یونیورسٹی، نیویارک سے بین الاقوامی تجارت میں بیچلرز کیا اور کولمبیا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ پاکستان واپس آئیں اور یہاں اقوام متحدہ کے کلچرل ایکسچینج پروگرام کے تحت بننے والی بین الاقوامی اکنامکس اور بزنس مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی صدر منتخب ہوئیں۔
1997ء میں نمیرا یورپی ملک موناکو منتقل ہوگئیں۔
گزشتہ 17 سال سے نمیرا ’ورجین گروپ‘ کے تعاون سے خلائی سیاحت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔