کویت اردو نیوز : فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کے لیے سعودی عرب کے قومی دن کی موقع پر سعودی عرب کا روایتی لباس پہننا ’’جرم‘‘ بن گیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق فرانس کی انتہا پسند نیشنل ریلی پارٹی کے سربراہ نے اسٹار فٹ بالر کریم بینزیما پر سعودی قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کا روایتی لباس پہننے کی وجہ سے ‘اسلام پسند طرز زندگی کی خواہش’ کا الزام لگایا ہے ۔
سعودی فٹبال کلب التحاد میں شمولیت اختیار کرنے والے فرانس کے کریم بینزیما کو نیشنل ریلی پارٹی کے صدر جارڈن بارڈیلا نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کریم بینزیمانے سعودی عرب کا رخ اسی لیے کیا تھا کیوں کہ وہ ’’اسلام پسند طرز زندگی چاہ رہے تھے‘‘۔
ٹی وی شو کے دوران دیگر سیاست دانوں نے بھی کریم بینزیما پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ’’جو لوگ اسلام پسند طرز زندگی کے خواہاں ہیں ، وہ مسلم ممالک میں چلے جائیں تو شاید فرانس کچھ بہتر ہو جائے ۔
دوسری جانب فرانسیسی عوام نے سیاست دان بارڈیلا کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کھیلنے والے دیگر غیر ملکی فٹ بالرز نے بھی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر روایتی لباس میں تصاویر شیئر کی ہیں لیکن اس بارے میں کسی اور نےتو کچھ نہیں کہا ۔