کویت اردو نیوز ، 6 اکتوبر 2023: ایران سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو 2023 کے امن کے نوبل انعام سے نوازا گیا ہے۔
اس سال کا نوبل امن انعام ایران کی نرگس محمدی کو دیا گیا، جنہیں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے پر 13 مرتبہ گرفتار کیا گیا اور 5 مقدمات میں 31 سال قیداور 154 کوڑوں کی سزا سنائی گئی ہے ۔
51 سالہ نرگس محمدی امن کا نوبل انعام جیتنے والی 19 ویں خاتون بن گئیں۔ نوبل امن انعام کی مالیت 10 لاکھ ڈالر ہے اور اسے 10 دسمبر کو دیا جائے گا۔
نوبل کمیٹی نے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2023 کا نوبل امن انعام ایران میں خواتین پر ظلم و جبر کے خلاف بے مثال جدوجہد، آزادی اظہار کے فروغ اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پرکام کرنے والی کو دیا جائے گا۔
نرگس محمدی سخت گیر اور بنیاد پرست ملک ایران میں انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی سرکردہ کارکنوں میں سے ایک ہیں۔
اس کے علاوہ نرگس محمدی 2003 میں امن کا نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن شیریں عبادی کی زیر قیادت ایک غیر سرکاری تنظیم ڈیفنڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب سربراہ بھی ہیں۔