کویت اردو نیوز ، 14 اکتوبر 2023: ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل نے شمالی غزہ میں نقل مکانی کرنے والے قافلے پر بھی بمباری کی ہے ، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 70 فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائیہ نے تارکین وطن کو ورغلا کر ان پر وحشیانہ بمباری کی۔ یہ قتل عام صلاح الدین اسٹریٹ پر ہوا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہیں، جن میں ٹرکوں اور سڑکوں پر خواتین اور بچوں کی خون آلود لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
اسرائیل نے شمالی غزہ کے 1.1 ملین مکینوں کو 24 گھنٹوں کے اندر اندر انخلا کا حکم دیا اور جب خواتین، بچے اور بوڑھے وہاں سے نکلنے لگے تو انہیں راستے میں نشانہ بنایا گیا، یہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین اور ریاستی قانون کی خلاف ورزی ہے۔شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں جن میں سے بچوں کی عمریں دو سے پانچ سال کے درمیان ہیں۔
حماس کے مطابق قابض فوج نے پہلے فلسطینیوں کو علاقے سے نکل جانے کو کہا اور پھر راستے میں ان کے قافلے کو نشانہ بنایا اور گھناؤنا قتل عام کیا۔ اسرائیلی فوج IDF نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ شمالی غزہ کے 11 لاکھ شہری اسرائیلی فوج کے خطرے کے باعث جنوب کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں۔