کویت اردو نیوز ، 29 ستمبر 2023 : اقوامِ متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں برس 25 سو سے زائد تارکین وطن بحیرۂ روم میں جاں بحق اور لاپتہ ہوئے ہیں ۔
اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی آفیسر روفن مینیکڈی ویلا نے کہا ہے کہ رواں برس 25 سو سے زائد تارکین وطن بحیرۂ روم میں جاں بحق اور لاپتہ ہوئے ہیں جب کہ یک برس کے دوران تقریباً 186،000 افراد یورپی ممالک تک پہنچے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ بحیرۂ روم عبور کرنیوالے تارکین وطن میں 83 فی صد یعنی تقریباً 130،000 لوگ اٹلی پہنچے ہیں جب کہ دیگر لوگ اسپین، قبرص ، یونان اور مالٹا پہنچے ہیں ۔
سلامتی کونسل کو بتایا گیا کہ خطرناک سمندری گزرگاہ کے درمیان ہلاک اور لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد میں گزشتہ برس کے مقابلے اس سال بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
روفن مینیکڈی ویلا نے یہ بھی بتایا کہ 2022ء میں ہلاک اور لاپتہ تارکین وطن کی تعداد 1680 تھی۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ تارکین وطن اور مہاجرین کو ہر ہر قدم پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور موت کا سامنا ہے۔