کویت اردو نیوز : قطر ایئرویز نے ہفتہ 9 دسمبر کو دوحہ اور نیوم کے لیے پروازوں کے آغاز کے ساتھ سعودی عرب کے لیے خدمات کو بڑھا دیا ہے۔ نیوم قطر ایئرویز کا مملکت کا دسواں روٹ ہوگا۔
اس سے قبل قطر ایئرویز نے سعودی عرب کے تاریخی مقامات العلا، تبوک اور ینبع کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
قطر ایئرویز نے اعلان کیا تھا کہ وہ دوحہ کے حماد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے نیوم تک ایئربس اے 320 طیارے کے ساتھ ہفتے میں دو پروازیں چلائے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب 2023 کے پہلے سات مہینوں کے دوران سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔
سعودی وزارت سیاحت کے مطابق 2019 کے اسی عرصے کے مقابلے جولائی کے آخر تک مملکت میں سیاحوں کی تعداد میں 58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل قطر کے قومی کیریئر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ "قطر ایئرویز 29 اکتوبر 2023 سے العلا کے لیے آپریشن شروع کرے گی، اس کے بعد 6 دسمبر 2023 سے ینبع اور 14 دسمبر 2023 سے تبوک کے لیے فضائی آپریشن شروع کرے گا۔”
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ "یہ نئے راستے مسافروں کو سعودی عرب کے بھرپور ثقافتی ورثے اور قدرتی عجائبات کو دیکھنے کے لیے مزید اختیارات فراہم کریں گے۔”
ان نئے روٹس کے اضافے کے بعد قطری ایئرلائن کے زیر احاطہ سعودی شہروں کی تعداد 125 سے زائد ہفتہ وار پروازوں کے ساتھ بڑھ کر نو ہو گئی ہے۔