کویت اردو نیوز : زلزلہ ایک قدرتی آفت ہے جو کسی بھی وقت آسکتی ہے اور تباہی مچا سکتی ہے، زلزلے کی پیش گوئی کرنا بظاہر ناممکن ہے، اس لیے شہریوں کے لیے زلزلے کی صورت میں چند اہم احتیاطی تدابیر جاننا ضروری ہے۔
اگر آپ زلزلے کے جھٹکے محسوس کرتے ہیں تو اپنے حواس کو قابو میں رکھیں۔ بغیر سوچے سمجھے بھاگنے، اوپر کی منزل سے چھلانگ لگانے اور خوف سے چیخنے سے گریز کریں۔
زلزلہ آنے کی صورت میں اگر آپ گھر پر ہوں تو فوراً اپنے ہاتھ پاؤں کے ساتھ زمین پر بیٹھ جائیں اور کسی میز کے نیچے پناہ لیں اور اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیں۔ جب تک زلزلہ نہ رک جائے باہر نہ نکلیں۔
زلزلے کے دوران گھر میں بھاری فرنیچر کے قریب نہ جائیں اور دور رہیں، زلزلے کی وجہ سے فرنیچر آپ پر گر سکتا ہے، اس کے علاوہ زلزلے کی وجہ سے شیشے کی کھڑکیوں سے گزرنے کی کوشش نہ کریں۔ شیشہ ٹوٹ سکتا ہے اور آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
زلزلے کے دوران کبھی بھی لفٹ کا استعمال نہ کریں کیونکہ جام ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
جب تک زلزلہ رک نہ جائے گھر سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں۔
اگر آپ زلزلے کے دوران گھر سے باہر ہیں تو فوری طور پر کسی کھلے علاقے میں چلے جائیں، اونچی عمارتوں اور بجلی کی تاروں کے قریب بالکل بھی نہ جائیں، کیونکہ زلزلے کے باعث وہ گر سکتی ہیں اور آپ ملبے تلے دب سکتے ہیں۔
اگر آپ گاڑی میں ہیں تو زلزلے کی صورت میں اپنی گاڑی کو روکیں، کسی پل یا عمارت کے قریب پارکنگ سے گریز کریں، محتاط رہیں کہ پلوں، فلائی اوورز اور بجلی کی لائنوں کے اوپر یا نیچے نہ ہوں۔ کوئی تار، کھمبے، ٹاور کے پاس کھڑے نہ ہوں ۔
اس کے علاوہ اگر آپ پہاڑی علاقے میں ہیں تو زلزلے کی صورت میں اس بات کا خیال رکھیں کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئی پتھر آپ کی طرف نہ گرے۔
آفٹر شاکس ختم ہونے کے بعد، مطمئن نہ ہوں بلکہ آفٹر شاکس کے لیے ہوشیار رہیں۔
اس کے علاوہ زلزلے کے بعد ماچس یا لائٹر جلانے کی بالکل بھی کوشش نہ کریں، ہو سکتا ہے کہ زلزلے سے گیس کی لائن خراب ہو گئی ہو اور لائٹر جلاتے ہی آگ لگ جائے۔