کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں، صفائی اور انتظامی امور کی کمیٹی جامع مسجد کے تمام علاقوں کی روزانہ سینیٹائزنگ اور صفائی کا کام کرتی ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایس پی اے’ کے مطابق حرم کی دیکھ بھال اور صفائی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی انتظامیہ اس بات کا خاص خیال رکھے ہوئے ہے کہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔
مسجد الحرام کی صفائی اور سینی ٹائزنگ کے لیے 4000 سے زائد ورکرز کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ ان کی نگرانی کے لیے 200 سعودی سپروائزر مقرر کیے گئے ہیں۔
صفائی اور سینیٹائزنگ 24 گھنٹے کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔ ساؤنڈ سسٹم اور بجلی کے دیگر امور کی نگرانی کے لیے 120 افراد پر مشتمل تکنیکی عملہ موجود ہے۔
مسجد الحرام میں 8,000 سپیکر لگائے گئے ہیں جن کی مستقل بنیادوں پر دیکھ بھال کی جاتی ہے، خاص طور پر ہر نماز سے پہلے۔
حرم شریف میں 9 ہزار 155 واٹر کولر ہیں جبکہ مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کے لیے 35 ہزار نئے قالین بچھائے گئے ہیں۔
مسجد الحرام کی صفائی اور سینیٹائزنگ کا عمل مستقل بنیادوں پر کیا جاتا ہے جس کے لیے خصوصی عملہ مختلف شفٹوں میں کام کرتا ہے۔
مسجد الحرام کی اتھارٹی کی کوشش ہے کہ عازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں جس کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ مسجد الحرام میں اس وقت 1.6 ملین نمازیوں کی گنجائش ہے۔