کویت اردو نیوز : پاکستان کے نگراں وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ہفتے کی رات سعودی عرب پہنچ گئے۔
ہفتہ کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ‘دورے کے دوران وفاقی وزیر سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور حج انتظامات کا جائزہ لیں گے’۔
اسکے علاوہ وفاقی وزیرسعودی وزارت حج کےزیر اہتمام جدہ میں انٹرنیشنل حج کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
اس دورے میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سیکرٹری ڈاکٹر عطاءالرحمن اور جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدر یلدرم بھی وزیر کے ہمراہ ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کانفرنس 8 سے 11 جنوری تک جدہ سپرڈوم میں وزارت حج و عمرہ کی زیر نگرانی منعقد ہوگی۔
کانفرنس کا مقصد عازمین حج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور سابقہ تجربات کی روشنی میں بہتر طریقہ کار اور خدمات کو متعارف کرانا ہے۔
کانفرنس میں عازمین حج کی آمد سے لے کر فریضہ حج کی ادائیگی اور ان کی واپسی تک کے تمام مراحل پر شرکاء سے گفتگو کی جائے گی۔
عازمین کی آمد اور آمدورفت، رہائش، خوراک اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
گزشتہ سال کی کانفرنس میں حج اور عمرہ کے حوالے سے 200 معاہدوں پر اتفاق کیا گیا تھا۔