کویت اردو نیوز : ( پاکستان) رشتے سے انکار پر خاتون ٹیچر پر تیزاب پھینکنے والےدبئی فرار ہوتے ہوئے گرفتار ہوگئے ۔
لاہور شاہدرہ کے علاقے میں خاتون پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
عائشہ نامی ٹیچر پر دو موٹر سائیکل سواروں نے تیزاب پھینک دیا جس سے سکول ٹیچر عائشہ کا چہرہ جھلس گیا۔ عائشہ کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی گئی ہے ۔
کیمسٹری ٹیچر کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جو دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
ملزم عمر کو ٹیچر عائشہ سے عشق تھا۔ عائشہ نے رشتہ کرنے سے انکار کیا تو ملزم عمر نے ساتھی کے ساتھ مل کر غصے میں تیزاب پھینک دیا۔ دونوں گرفتار ملزمان متاثرہ لڑکی کے رشتہ دار ہیں۔
پولیس کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود نے پولیس ٹیم کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔ انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ ٹاؤن منیر احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عمر فاروق اور غلام مصطفی کو گرفتار کر لیا ہے ۔