کویت اردو نیوز : گورنمنٹ اسپانسر شپ حج سکیم کے حوالے سے اہم خبر آ گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے سرکاری کفالت سکیم کے تحت 21 ہزار سے زائد حج کوٹہ سعودی عرب واپس کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، دوسری جانب سرکاری حج سکیم کے تحت قرعہ اندازی سے محروم ہونے والے 5 ہزار 600 عازمین کو حکومت کی جانب سے ڈالر دینے سے انکار کے بعد انہیں حج پر نہیں بھیجا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور کو سرکاری اسپانسر شپ حج سکیم میں 25 ہزار کے کوٹہ کے لیے صرف 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، باقی 21 ہزار سے زائدکوٹہ سعودی عرب کوواپس کردیا جائےگا۔
دوسری جانب آئندہ سال کی حج قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے 5 ہزار 633 درخواست گزاروں کو بقیہ کوٹہ میں ایڈجسٹ کرنے کی بجائے رقم واپس کر دی گئی ہے ۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کم درخواستوں کی وجہ سے کفالت سکیم کو توقع سے کم ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے ناکام درخواست گزاروں کو بقیہ کوٹہ میں جگہ دینے کے لیے حکومت سے رابطہ کیا تاہم حکومت نے پہلے سے مختص ڈالرز سے زائد ڈالرز دینے سے انکار کردیا جس کے باعث کوٹہ واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
وزارت کو ریگولر حج سکیم میں 63 ہزار 805 کے کوٹہ کے خلاف 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جس پر قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کو ان کی جمع کرائی گئی رقوم واپس کر دی گئیں جو کہ 6 ارب روپے بنتی ہیں۔