کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں تسبیح کی صنعت کافی پرانی ہے اور زیادہ تر لوگوں کی روزی روٹی کا بہترین ذریعہ ہے۔ بعض تسبیح کی قیمت تین لاکھ ریال تک ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب کے مختلف خطوں میں تسبیح سازی کی صنعت سے وابستہ بہت سے لوگ ہیں۔
تسبیح کا تعلق مذہب سے بھی ہے جو عام طور پر ذکر کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ مختلف اقسام کی تسبیح مختلف قسم کے پتھروں کو کاٹ کر تیار کی جاتی ہیں۔
تسبیح کی تیاری کے کئی مراحل ہوتے ہیں، یہ قدرتی اور قیمتی پتھروں کے علاوہ لکڑی کی مختلف اقسام سے بھی تیار کی جاتی ہے۔ قدرتی موتیوں کے علاوہ تسبیح مصنوعی موتیوں سے بھی تیار کی جاتی ہے۔
گزشتہ 14 سال سے اس صنعت سے وابستہ حیدر الدھنین نے بتایا کہ تسبیح کی تیاری میں مختلف قسم کے پتھر اور لکڑی کا استعمال کیا جاتا ہے۔ تسبیح کی مالا جانوروں کی ہڈیوں اور ان کے سینگوں سے بنتی ہے۔
حیدر الدھنین کا کہنا تھا کہ ‘تسبیح کے لیے سب سے قیمتی پتھر الکھرمان کہلاتا ہے، جو روس اور لتھوانیا سے درآمد کیا جاتا ہے۔’
"اسے مخصوص دھاگوں میں معمولی تبدیلیاں کر کے پرو دیا جاتا ہے۔”
الکھرمان پتھر اپنی نایابیت کی وجہ سے قیمتی ہے جس کی فی گرام قیمت ہزاروں ریال ہے۔ اس قیمتی پتھر سے تیار کی جانے والی تسبیح کی قیمت تین لاکھ ریال تک ہے۔