کویت اردو نیوز : حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک بھر میں نماز استسقاء ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہی محل نے کہا ہے کہ "شاہ سلمان کی ہدایات کے مطابق جمعرات کو نماز استسقاء ادا کی جائے گی”۔
ایوان شاہی نے کہا ہے کہ لوگ سنت پر عمل کرتے ہوئے رحمت کی بارش کے لیے صدقہ، توبہ اور استغفار کریں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی سمیت ملک بھر کی مساجد میں نمازیں ادا کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق جب لوگ قحط سالی کا شکار ہوں تو انہیں صلاۃ الاستسقاء پڑھنا چاہیے۔
دوسری جانب مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مذہبی امور کی انتظامیہ کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے تمام مسلمانوں سے نماز استسقاء کا اہتمام کرنے کی اپیل کی ہے۔
سبق ویب کے مطابق شیخ السدیس نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پیغمبر اسلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے جمعرات کو ملک بھر میں نماز استسقاء کی اپیل کی ہے۔
شیخ السدیس نے نماز استسقاء کے فضائل اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کی پیروی میں نماز استسقاء کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ بارش نہ ہونے کی صورت میں اللہ سے مدد طلب کی جائے۔