کویت اردو نیوز : امریکی اقتصادی جریدے فوربز نے سال 2024 ء کیلیے مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور ترین کاروباری خواتین کی فہرست جاری کی ہے جس میں دو پاکستانی خواتین کے نام بھی شامل ہیں۔
فوربز کی فہرست میں شامل دو پاکستانی خواتین پیور ہیلتھ کی شریک بانی شائستہ آصف اور یونی لیور پاکستان کی سابق سی ای او شازیہ سید شامل ہیں۔
شائستہ آصف، جو اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں، پیور ہیلتھ گروپ کی شریک بانی اور سی ای او ہیں، جو متحدہ عرب امارات میں صحت کی دیکھ بھال کے ایک معروف نیٹ ورک ہے۔ 2006ء میں اس ہیلتھ کیئرکمپنی کے قیام میں انتہائی اہم کردار ادا کرنیوالی شائستہ آصف نےدسمبر 2023 ءمیں گروپ سی ای او کاعہدہ سنبھالا۔
پیور ہیلتھ متحدہ عرب امارات میں صحت کی دیکھ بھال کے سب سے بڑے نیٹ ورکس میں سے ایک ہے، جو ہسپتالوں، کلینک، تشخیص، انشورنس، فارمیسی، ہیلتھ ٹیکنالوجی، پروکیورمنٹ اور دیگر شعبوں پر محیط ہے۔
یونی لیور شمالی افریقہ، لیونٹ اور عراق کی جنرل منیجر شازیہ سید اس فہرست میں نویں نمبر پر ہیں۔ وہ بڑی کمپنیوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں اور عرب خطے میں چیف کسٹمر ڈویلپمنٹ آفیسر کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔
شازیہ سید یونی لیور پاکستان کی سابقہ سی ای او ہیں، اور انہوں نے 2021 ء میں اپنا موجودہ عہدہ سنبھالا۔ کئی سالوں کے دوران، وہ فارن انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر اور پاکستان بزنس کونسل کی ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
فہرست تیار کرتے وقت جن معیارات کو مدنظر رکھا گیا ہے ان میں ان خواتین کی گزشتہ سال کی کامیابیوں اور کارکردگی کے ساتھ ساتھ خطے کی مارکیٹ پر ان کی قیادت کے اثرات بھی شامل ہیں۔