کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں بیوی کو قتل کرنے کے بعد ایک شخص نے بیڈ روم کا فرش کھود کر لاش کو دفن کردیا ، اور فرش پر ٹائلیں بھی لگوا دیں ، پھر اس شخص نےاپنی بیوی کی بہن سے شادی کرلی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 38 سال قبل گھریلو جھگڑے کے دوران شوہر کے تشدد سے بیوی کی موت ہوگئی تھی جس کے بعد قاتل شوہر نے بیڈ روم کے نیچے زمین کھود کر لاش کو دفن کردیا۔
بعد ازاں، اس نے اپنے سسرال والوں کو بتایا جو ایک دور دراز علاقے میں رہتے تھے کہ اس کی بیوی کینسر سے مر گئی ہے اور اگر اسے جلد دفن نہ کیا جاتا تو لاش خراب ہو جاتی۔
جب سسرال والے آئے تو قاتل شوہر نے ایسا زبردست ڈرامہ رچایا کہ کوئی اس کے جھوٹ کا پتہ نہ لگا سکا اور اپنی دوسری بیٹی کی اس سے شادی کر دی۔
مردہ بیوی کی بہن کو بھی 38 سال تک یہ احساس نہیں ہوا کہ وہ اپنی بہن کے قاتل کے ساتھ رہ رہی ہے لیکن قدرت قاتل کو بے نقاب کرنا چاہتی تھی اور گھر میں باتھ روم بنانے کے لیے کھدائی کرنے والے مزدوروں کو انسانی ہڈیاں مل گئیں۔
کارکنوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ ہڈیوں کے ڈی این اے سے معلوم ہوا کہ باقیات پہلی بیوی کی ہیں۔