کویت اردو نیوز 01 اکتوبر: عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت بلدیات و دیہی آباد کاری امور اور وزارت تجارت نے صالون (بال کاٹنے کی دکانیں) کے حوالے سے چھ بنیادی شرائط کا اعلان کیا ہے۔ ان شرائط کے مطابق صالون کے لیے ضروری ہے کہ نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں گے اور کارڈ کے ذریعے ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔
تولیے کی بجائے معیاری ٹشو پیپر استعمال کیے جائیں گے، شیونگ مشین کی صفائی کے لیے میڈیکیٹڈ اسپرے استعمال کیا جائے گا۔
صارفین کی صحت و سلامتی کے لیے باربر ڈسپوزیبل ریزر استعمال کریں گے، تاہم اس پابندی سے وہ صالون مستثنیٰ ہیں جوخصوصی شیونگ کٹ استعمال کرتے ہیں۔
زنگ سے محفوظ رہنے والی شیونگ مشین استعمال کی جائے گی، جلدی امراض کے حوالے سے کوئی میڈیکل سروس فراہم نہ کی جائے۔
ہئیر کٹنگ کی دکان میں کام کرنے والوں کو ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا ضروری ہے، جس میں اس بات کی وضاحت ہو کہ کارکن متعدی امراض سے محفوظ ہے۔
وزارتوں کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اگر صارفین کسی صالون میں نرخ نامہ آویزاں نہ دیکھیں، اور آن لائن ادائیگی کی سہولت نہ ہو تو شکایت درج کرائی جائے۔
وزارت تجارت اور وزارت بلدیات نے خبردار کیا ہے کہ مذکورہ بالا ضوابط کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔