کویت اردو نیوز : سعودی عرب ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ای گیٹس کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ٹریول ہال نمبر 3 اور 4 میں ای گیٹس لگائے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ای گیٹس کے افتتاح کے موقع پر سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی سدایا کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن شریف الغامدی،اور سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن "جوازت” کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان ال یحی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ عبدالعزیز عبداللہ الدوئلج بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جوازات بریگیڈیئر سلمان ال یحی نے کہا کہ ای گیٹس شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور زائرین کی سہولت کے لیے لگائے گئے ہیں۔ ہمارا مقصد مسافروں کی سہولت کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل خدمات اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل جوازات نے بتایا کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ای گیٹس کی تنصیب سے مسافروں کو سہولت ملے گی۔ انسانی مداخلت کے بغیر مسافر اپنے سفری امور خود بخود سرانجام دے سکیں گے جس سے ان کا وقت بھی بچ جائے گا۔