کویت اردو نیوز : سعودی عرب اور انڈیا کے مابین حج معاہدے پر دستخط ہو گئے ۔
سعودی عرب اور بھارت کے درمیان حج معاہدے کے مطابق اس سال 175,000 عازمین حج ادا کریں گے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیع نے اتوار کو جدہ میں ہندوستانی اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات میں بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ حج معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
اسمرتی ایرانی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ "دونوں وزراء نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے ساتھ ساتھ تمام عازمین حج کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا”۔
اس موقع پر بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن، سعودی عرب میں بھارتی سفیر سہیل اعجاز خان اور دونوں ممالک کے حکام بھی موجود تھے۔
سعودی وزارت حج کےزیراہتمام بین الاقوامی حج و اور عمرہ کانفرنس 8 جنوری بروز پیر جدہ کے سپرڈوم میں شروع ہوگی اور 11 جنوری تک جاری رہے گی۔
مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بین الاقوامی حج و عمرہ کانفرنس کاافتتاح کریں گے۔