کویت اردو نیوز : اقوام متحدہ کے موسمیاتی ادارے نے کہا ہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے انسانوں کے پاس صرف دو سال باقی ہیں۔
میڈیا نیوز کے مطابق ایجنسی کے ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن اسٹیل نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ انتباہ ایک ڈرامائی بیان کی طرح لگتا ہے، لیکن فوری کارروائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ دنیا کو بچانے کے لیے دو سال کس کے پاس ہیں؟ تو اس کا جواب اس سیارے پر ہر کوئی ہے۔
ایجنسی نے ترقی یافتہ ممالک سے گرمی کے بڑھتے ہوئے اخراج کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب زیادہ سے زیادہ لوگ ماحولیاتی تبدیلی پر سماجی اور سیاسی دونوں سطحوں پر کارروائی دیکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہ موسمیاتی بحران کے اثرات کو اپنی روزمرہ کی زندگیوں اور یہاں تک کہ اپنے گھریلو اخراجات میں بھی محسوس کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ وارننگ خاص طور پر جی 20 ممالک کے لیے تھی جس میں امریکا، بھارت اور چین جیسے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک شامل ہیں۔ یہ ممالک گلوبل وارمنگ کے 80 فی صد اخراج کے ذمہ دار ہیں۔