کویت اردو نیوز : دنیا بھر میں یہ تاثر بڑھتا جا رہا ہے کہ کالج کی ڈگری کی سطح پر تعلیم حاصل کرنے کی اب زیادہ اہمیت نہیں رہی۔
دی ڈیلی ڈائجسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ بزنس انسائیڈر کے سروے کے مطابق ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ ممالک میں نوجوان نسل کالج کی سطح کی ڈگری کی تعلیم کو زیادہ فائدہ مند نہیں سمجھتی۔
زیادہ تر لڑکے اور لڑکیاں ہر قسم اور معاشرے کے ہر سطح پر یہ سمجھتے ہیں کہ یہ صرف پیسے کا ضیاع ہے۔ ایک واضح اکثریت کا خیال ہے کہ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر دی جانے والی تعلیم انہیں عملی زندگی کے لیے اچھی طرح سے تیار نہیں کرتی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم کی گرتی ہوئی اہمیت کی بڑی وجہ دنیا بھر میں فنی تربیت کی بڑھتی ہوئی اہمیت ہے۔ کالج یا یونیورسٹی کی سطح تک تعلیم یافتہ افراد کسی بڑی نوکری کے لیے اپنا ذہن بنا سکتے ہیں، لیکن انھیں عام ملازمتوں کے لیے موزوں نہیں سمجھا جاتا۔
تعلیمی اور پیشہ ورانہ نگاہ رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تعلیم یافتہ معاشرے بچوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کرنے پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اب تعلیم کی اہمیت اس کی تجارتی اہمیت سے جڑی ہوئی ہے۔
کسی بھی شعبے میں تعلیم اب محض اپنی تسکین کے لیے نہیں ہوتی بلکہ نوجوان دیکھتے ہیں کہ یہ تعلیم ان کے کیرئیر میں کتنا اضافہ کرے گی یا وہ کتنا کما سکیں گے۔