کویت اردو نیوز : متحدہ عرب امارات میں دبئی کی ایک عدالت نے ایک ایشیائی خاتون کو جعل سازی کے ذریعے عرب شہری سے رقم بٹورنے پر جیل، جرمانے اور اس کے بعد ملک بدری کی سزا سنائی ہے۔
عرب شہری نے عدالت کو بتایا کہ اس کی بیس سال کی تمام بچت ایشیائی خاتون نے دھوکہ دہی سے حاصل کی۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے 11 لاکھ 66 ہزار 487 درہم خاتون کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے شواہد بھی جمع کرائے۔
دراصل ایشیائی خاتون نے ایک عرب شہری کو منافع بخش کاروبار میں سرمایہ کاری کے لیے راضی کیا اور جعلسازی کے ذریعے 1166000 درہم چرا لیے۔
ایشیائی خاتون کے ‘مساج پارلر’ میں عرب مرد کی پارٹنر بننے کے کچھ عرصے بعد اسے بتایا گیا کہ خلاف ورزیاں ہوئی ہیں ، ادائیگی میں ناکامی کا نتیجہ جیل ہو گا۔ اس نے عرب شہری کو ڈرانے کے لیے مختلف تھانوں سے منسوب فرضی ایس ایم ایس بھی بھیجے۔
عرب شہری کا کہنا تھا کہ جب اسے خاتون پر شک ہوا تو وہ ایم ایس ایم چیک کرنے کے لیے مطلوبہ تھانوں میں گیا تو پتہ چلا کہ یہ سب جعلی ہیں۔ اس کے بعد اس کو یقین ہو گیا کہ اسے دھوکہ دیا جا رہا ہے، اس نے خاتون سے اس کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا، جس سے خاتون نے انکار کر دیا۔
مقدمے میں تمام شواہد کے بعد عدالت نے خاتون کو دو سال قید، ضبط شدہ تمام رقم متاثرہ کو واپس کرنے اور جرمانے اور ریاست سے ڈی پورٹ کرنے کا حکم دیاہے ۔