کویت اردو نیوز 12 اکتوبر: بحرینی شہری اپنے بینک اکاؤنٹ سے 3000 بحرینی دینار گنوا بیٹھا، سنٹرل بینک کی شہریوں اور رہائشیوں کو سخت تلقین جاری۔
تفصیلات کے مطابق خلیجی ریاست بحرین کا ایک شہری اپنے بینک اکاؤنٹ سے 3 ہزار بحرینی دینار لٹا بیٹھا جب جعلساز نے مبینہ طور پر یہ کہہ کر بحرینی شہری کے اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات چوری کر لیں کہ وہ اس بینک سے کال کر رہا ہے جس میں اس شہری کا اکاؤنٹ ہے۔ جعلساز نے شہری کو مزید گمراہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بینک کارڈ کی معیاد ختم چکی ہے جسے بینک کے ڈیٹا بیس پر اپڈیٹ کرنے کے لئے یہ کال کی گئی ہے لہٰذا اسے اپنے اے ٹی ایم کارڈ پر درج تفصیلات سے آگاہ کیا جائے جس پر شہری نے بغیر دیر کئے اسے تمام تفصیلات بتا دیں اور اگلے ہی لمحے صارف کو موبائل پر پیغام موصول ہوا کہ اس کے
اکاؤنٹ سے 3000 بحرینی دینار نکالا گیا ہے۔ شہری نے مقدمہ درج کرایا جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے اس کیس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا لیکن انہوں نے ہائی کرمنل کورٹ کے سامنے مقدمے کی سماعت کے دوران اس قسم کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔ متاثرہ شہری نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ
"میرے اے ٹی ایم کارڈ کی تفصیلات ان کے ڈیٹا بیس کو اپ ڈیٹ کرنے کی درخواست کی گئی اور میں نے اسے کسی قسم کی تاخیرکے دے دیا لیکن چند منٹوں کے بعد نتیجہ میرے سامنے تھا میں نے بینک سے فوری رابطہ کیا اور میرا اکاؤنٹ معطل کرنے کی درخواست کی”۔ یاد رہے کہ جعلی کالز اور پیغامات کا یہ سلسلہ خلیجی ریاستوں سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں جاری ہے جس کا شکار سادہ لوح لوگ با آسانی ہو جاتے ہیں اور مالی نقصان اٹھا بیٹھتے ہیں۔ دوسری جانب بحرین کے سنٹرل بینک نے عوام اور بحرین میں رہنے والے غیرملکیوں کو اس قسم کے فراڈ اور جعلی کالز و پیغامات سے بچنے کی انتباہ جاری کی ہے۔