کویت اردو نیوز 27جون:یونان کے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے پروگرام میں پیٹرول چوری کرنے کے طریقے کی ویڈیو نشر کی گئی ہے۔
دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جو کہ بہت سے لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یونان کے سرکاری ٹی وی کے رپورٹر مارننگ نیوز کے ایک پروگرام میں بتا رہے ہیں کہ گاڑی سے تیل نکالنا کوئی مشکل کام نہیں اور اس کے لیے آپ کو خصوصی پائپ کی بھی ضرورت نہیں بلکہ گاڑی سے پیٹرول نکالنے کا کام عام پائپ سے لیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گاڑی سے پیٹرول نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کرنے کے بعد
ایک مکینک نے ان جگہوں کی بھی نشاندہی کی جہاں سے گاڑی کے پیٹرول ٹینک سے ایندھن ’چوری‘ کیا جا سکتا ہے۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد ناظرین کی جانب سے سرکاری ٹی وی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ کیا آپ سمارٹ ہیں؟ کیا آپ لوگوں کو پیٹرول چوری کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں؟ ایک اور صارف نے لکھا کہ اب یہ ٹی وی اسٹیشن تالے کھولنے اور لوگوں کے بٹوے چوری کرنے کا سبق بھی سکھائے گا۔ پیٹرول فی لیٹر کے لحاظ سے یونان دنیا کے 10 مہنگے ترین ممالک میں سے ایک ہے، ایتھنز میں اوسطاً 2.50 ڈالر فی لیٹر اور قریبی جزیروں پر 2.50 یورو سے زیادہ ہے۔