کویت اردو نیوز 11 جولائی: خانہ کعبہ کا غلاف "کسوہ” یکم محرم الحرام 1444 ہجری کو تبدیل کیا جائے گا۔ اس تبدیلی کی تیاری کے لیے ایک ابتدائی تقریب میں غلاف خانہ کعبہ ‘کسوہ’ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے ان کے مشیر برائے حرمین شریفین اور مکہ کے گورنر
شہزادہ خالد الفیصل نے مسجد حرام کے امور کے سربراہ ڈاکٹر صالح بن زین العابدین الشیبی کے حوالے کیا ہے۔ اس موقع پر صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس بھی موجود تھے۔ کسوہ حوالے کرنے کی تقریب منیٰ میں قائم مکہ پرنسپلٹی کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں مکہ کے نائب گورنر بدر بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔ تقریب کے باضابطہ منٹس تحریر کیے گئے اور ان منٹس پر کسوی ٰ کی حوالگی اور وصولی کے لیے دستخط صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس اور
مسجد الحرام کے امور کے نگران اعلی ڈاکٹر صالح الشیبی نے کیے۔ کسوہ سیاہ رنگ کے قدرتی ریشم سے ‘شاہ عبدالعزیز کمپلیکس فار ہولی کعبہ کسوہ مکہ’ میں تیار کیا گیا ہے۔ اس کی اونچائی 14 میٹر ہے ۔ اس کے اوپر کی تہائی میں 95 سینٹی میٹر چوڑی اور47 میٹر لمبی پٹی ہے۔ یہ پٹی 16 پر مشتمل ہے۔
کسوہ یعنی غلاف کعبہ کپڑے کے چار حصوں پر مشتمل ہے۔ چاروں حصے خانہ کعبہ کی چاروں اطراف کو ڈھانپتے ہیں۔ خانہ کعبہ کے دروازے کے لیے پردہ ایک الگ کپڑے کی صورت میں اس غلاف کا حصہ ہے۔ اس طرح سے یہ دروازے کا پردہ عملا کپڑے پانچواں حصہ ہے۔ کسوہ کی تیاری کے کئی مراحل میں ہوتی ہے۔ اس مقصد کے لیے دو سوسے زائد افراد کی ضرورت ہوتی ہے۔