کویت اردو نیوز 13 نومبر: ترکیہ کے دارالحکومت استنبول میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق دھماکا استنبول کے مشہور تقسیم اسکوائر کے قریب ہوا جہاں دنیا بھر سے سیاح سیر کے لیے آتے ہیں۔
اب تک 4 افراد کے جاں بحق اور 36 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ترک حکام نے ابھی تک دھماکے کی وجہ یا زخمیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔
شہر کے "تقسیم” علاقے میں ایمرجنسی سروسز کو جائے وقوعہ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ استنبول کے گورنر علی یرلیکایا نے بتایا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق 16:20 بجے (13:20 GMT) استقلال اسٹریٹ پر ہوا۔ انہوں نے مزید تفصیلات پیش کیے بغیر ٹویٹر پوسٹ میں "ہلاک اور زخمی” دونوں ہونے کی وضاحت کی۔
ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں آگ کے شعلے اور ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی جس میں پیدل چلنے والوں کو واپس مڑتے اور بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کے وقت استقلال اسٹریٹ پر موجود تھا، دھماکے میں 25 سے 30 افراد زخمی ہوئے جبکہ 2 زخمی بچوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔