کویت اردو نیوز 05 دسمبر: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر جناب حمد عبيد الزعابی سندھی ثقافت کے دلدادہ نکلے ہیں۔
انہوں نے سندھی ٹوپی پہن کر اور اجرک اوڑھ کر اپنا ایک ویڈیو پیغام ٹویٹر پرجاری کیا ہے جس میں انہوں نے سندھی ثقافت کی تعریف کی ہے۔
اماراتی سفیر لال رنگ والی سندھی ٹوپی اورپھول دار اجرک پہن کر ایک مکمل سندھی شخصیت معلوم ہوتے ہیں۔ انہوں نے وادیِ سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ
’’سندھ میں ایک متنوع اور مربوط ثقافت ہے، سندھی عوام نے ایک امن پسند اور رواداری پر مبنی معاشرہ تشکیل دیاہے۔ امارات برادر سندھی اور پاکستانی عوام کے لیے امن وخوش حالی کا خواہاں ہے‘‘۔
بہت سے پاکستانیوں بالخصوص سندھیوں نے ان کے اس طرح اظہار کوسراہا ہے اوران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ "جب جزیرہ نما عرب سے تعلق رکھنے والے عرب ہماری طرح کا لباس پہنتے ہیں تو وہ بالکل بھی غیرملکی نہیں لگتے ہیں۔
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر جناب حمد عبيد الزعابی نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر کہا: سندھ میں ایک متنوع اور مربوط ثقافت ہے، سندھی عوام نے ایک امن پسند اور رواداری پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا ہے۔ امارات برادر سندھی اور پاکستانی عوام کے لیے امن وخوشحالی کا خواہاں ہے pic.twitter.com/jYcSiiFWeN
— UAE Embassy PK (@uaeembassyisb) December 4, 2022
واضح رہے کہ جنوبی ایشیا میں اسلام سب سے پہلے سندھ میں آیا تھا اور ابتدائے اسلام میں عرب تہذیب وتمدن نے وادیِ سندھ کی تہذیب پرانمٹ نقوش چھوڑے تھے۔ سندھی زبان میں بہت سے الفاظ عربی اورفارسی سے مستعار ہیں لیکن اس سب کے باوجود اہلِ سندھ نے اپنی منفرد ثقافتی پہچان برقرار رکھی ہے۔ سندھی ٹوپی ،اجرک اورزبان اس کی مخصوص علامتیں ہیں۔