بیروت میں ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات میں مدد کے لیے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ کی ٹیم اتوار کو لبنان پہنچ رہی ہے، تاہم متاثرہ خاندانوں نے اقوام متحدہ سے تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دھماکہ متاثرین نے تباہ کن واقعے کی تحقیقات بین الاقوامی تنظیم سے کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت میں 4 اگست کو ہونے والے دھماکوں سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے جس میں تقریباً 177 افراد ہلاک، ہزاروں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔
متاثرہ خاندانوں کی وکیل ندا عبدالساتر نے کہا کہ متاثرین لبنان کے سیاسی اور سکیورٹی کے نظام کو سانحے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں اور اس پر بھروسہ نہیں کرتے۔
ندا عبدالساتر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحقیقاتی مشن کے نتائج کی بنیاد پر مجروموں کا تعین بین الاقوامی فوجداری عدالت کرے یا پھر اس مقصد کے لیے خصوصی عدالت قائم کی جائے۔