کویت اردو نیوز 11 جون: جنوبی مصر میں قنا گورنری کے وقف شہر میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جب ایک بھکاری عورت کی موت کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ دس لاکھ پاؤنڈ کی مالک تھی۔
تفصیلات کے مطابق، علی عبدالجلیل نامی یہ بھکارن قنا گورنری میں گلیوں اور بازاروں میں لوگوں سے بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی تھی۔ چند روز قبل یہ اپنے گھر کے اندر مردہ پائی گئی۔
اس کے بہن بھائیوں کی شدید غربت کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں نے تدفین کے اخراجات ادا کیے مگر 10 دن کے بعد جب اس کے مکان کی تلاشی لی گئی تو تقریباً 10 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے جو گھر کے صحن میں ایک تھیلے میں چھپائے گئے تھے۔
ان میں سے زیادہ تر دھاتی سکے اور کچھ نوٹ تھے۔ لوگوں نے رقم کو عورت کے پانچ بہن بھائیوں میں تقسیم کر دیا۔
اس واقعے کے بعد جہاں لوگوں نے ایک بھکاری عورت کے اتنی بڑی رقم جمع کرنے پر حیرت کا اظہار کیا، وہیں اس پر تاسف کا اظہار بھی کرتے رہے کہ اپنی زندگی میں وہ اس رقم سے اپنے لیے آسانیاں پیدا نہ کر سکی۔