کویت اردو نیوز،13جون:سعودی عرب میں اب کے برس موسم گرما کے دوران بعض علاقوں میں درجہ حرارت کا پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر چڑھ جائے گا۔
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے اعلیٰ عہدیدار حمزہ کومی نے کہا ہے کہ رواں سال گرمی کے سیزن میں ریاض، الشرقیہ، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجنز میں درجہ حرارت کا 50 سینٹی گریڈ کی سطح عبور کرنے کا قوی امکان ہے۔
حمزہ کومی نے کہا کہ رواں سال سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں اوسط تناسب سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ بارش کے بھی کچھ امکانات ہیں، تاہم، بارش کا زور طائف میں ہوگا اور یہ سلسلہ جنوب میں جازان تک جائے گا ساتھ ہی عسیر اور باحہ بھی اس کی زد میں آئیں گے۔
موسمیات کے قومی مرکز کےعہدے دار نے کہا کہ قومی مرکز آئندہ ہفتے حج سیزن میں موسم کے حوالے سے رپورٹ جاری کرے گا۔
اس سال دوران حج سیزن مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 45 سے 50 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ حج سیزن کے دوران منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں ہلکی بارش متوقع ہے۔