کویت اردو نیوز،26جون: سعودی محکمہ پاسپورٹ برائے حج کا کہنا ہے کہ حج ادائیگی کیلئے بیرون ملک سے 16 لاکھ عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ جعلی پاسپورٹ کا پتہ لگانے کیلئے جدید ڈیوائسز کا استعمال کیا جارہاہے ۔
مکہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی محکمہ پاسپورٹ برائے حج کے کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے حج 2023 کے حوالے سے سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی سکیموں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج پر جعلی پاسپورٹ کا پتہ لگانے کے لیے اہلکار پیشہ ورانہ طور طریقے استعمال کر رہے ہیں ،اور اس مقصد کیلئے تمام ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں پر جعلی پاسپورٹس کا پتہ لگانے والے جدید ترین ڈیوائسز نصب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس، بری سرحدی چوکیوں اور بندرگاہوں پر تعینات متعدد زبانوں سے واقف پاسپورٹ اہلکار عازمین حج کی آسانی و سہولت کیلئے کھڑے ہیں۔
میجر جنرل ڈاکٹر صالح المربع کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک سے حج پر آنے والے ضیوف الرحمن کی امیگریشن کی کارروائی میں سہولتوں کی فراہمی، روٹ ٹو مکہ انشیٹو کے تحت سات ملکوں سے آنیوالے عازمین حج کی ساری کارروائی، ان کے قیام کے انتظام اور جعلی دستاویزات کا پتہ لگانے کے لیے جدید ترین مشینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔